بھارتی وزیرِ تعلیم کے استعفے پر بالی ووڈ ستارے بھی بول پڑے، طلبہ احتجاج کو تاریخی کامیابی قرار دے دیا

بالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات نے احتجاج کے بعد وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے پر جشن میں حصہ لیتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا، ایشان کھٹر، شبانہ اعظمی، سوناکشی سنہا، زویا اختر، ادیتی راؤ حیدری اور دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر طلبہ کی تحریک کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں اور جمہوریت کی کامیابی قرار دیا ہے۔ عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر مختصر مگر معنی خیز ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’’جین زی نے آواز اٹھائی، پھر سب نے دیکھ لیا کہ اس کے بعد کیا ہوا‘‘۔ اداکارہ اس سے قبل بھی احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کر چکی ہیں اور کہہ چکی ہیں کہ نوجوان صرف اپنی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں جو ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ابراہیم علی خان نے وزیر تعلیم کے استعفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’خوشی ہوئی کہ ہماری آواز سنی گئی، بس کام ہو گیا۔‘‘ انہوں نے ایک اور پوسٹ میں ’’جمہوریت، جین زی اینڈ دی یوتھ آف انڈیا‘‘ بھی لکھ کر نوجوانوں اور جمہوری عمل کو خراج تحسین پیش کیا۔



