بلھے شاہ ٹرین کی 15 سال بعد بحالی، کھڈیاں خاص میں تاریخی عوامی اجتماع، پاک فوج اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت

لاہور( آصف اقبال ) قصور اور پاکپتن کے درمیان بلھے شاہ ٹرین کی پندرہ سال بعد بحالی کے موقع پر کھڈیاں خاص میں ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اجتماع سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان اور رکن پنجاب اسمبلی ملک سعید احمد خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے بلھے شاہ ٹرین کی بحالی کو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم عوامی سہولت قرار دیتے ہوئے حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کو سراہا۔ اس موقع پر شہداء پاکستان اور پاک فوج کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کی گئی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھڈیاں خاص میں عوام کی بڑی تعداد کی موجودگی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ قوم اپنے شہداء سے محبت کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کا فخر ہے اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے اس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی اولین ذمہ داری عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کھڈیاں خاص اور گردونواح میں صاف پانی کی فراہمی، دیہی ترقی اور دیگر عوامی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلھے شاہ ٹرین کی بحالی علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس کی تکمیل سے ہزاروں مسافروں کو آسان، سستی اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یونیورسٹی، موٹروے اور دیگر ترقیاتی منصوبے بھی علاقے کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ملک محمد احمد خان نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے، قومی املاک کو نقصان پہنچانا اور شہداء کی بے حرمتی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور قومی سلامتی کے معاملات پر پوری قوم متحد ہے اور ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت کو عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے کہا کہ صرف ایک روز کے نوٹس پر عوام کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلھے شاہ ٹرین کی بحالی سے لاہور، قصور اور پاکپتن کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور علاقائی تجارت و معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے شہداء سے متعلق حالیہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شہداء پوری قوم کا سرمایہ ہیں، جن کی قربانیوں کی بدولت وطن عزیز محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر محاذ پر ملک کا دفاع مضبوط بنایا ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔رکن پنجاب اسمبلی ملک سعید احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام خدمت کرنے والی قیادت پر اعتماد کرتی ہے۔ انہوں نے بلھے شاہ ٹرین کی بحالی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے قصور، کھڈیاں خاص، پاکپتن اور ملحقہ علاقوں کے ہزاروں مسافروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔اجتماع کے دوران شرکاء نے شہداء پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور بلھے شاہ ٹرین کی بحالی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور قومی یکجہتی کے فروغ کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔



