وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا

لاہور(آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنک سالٹ کی صنعت، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے لیے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، جبکہ قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں تقریباً 150 ملین کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور 10 ہزار افراد کے لیے براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سنٹر اور ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔بریفنگ کے مطابق نئی سکیم کے تحت سرمایہ کار سالٹ پراسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ اور پیکجنگ کے لیے 50 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے، جن کی واپسی آسان اقساط میں پانچ سال کے دوران ہوگی۔حکام نے بتایا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے سالانہ تقریباً 300 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی نیلامی سے 471 ملین روپے کی بلند ترین بولی موصول ہوئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اب تک 2.5 ارب روپے کی پیشکشیں وصول ہو چکی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے سرکاری ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعت کو فروغ ملے گا اور ملکی ریونیو میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنک سالٹ پر اب "میڈ اِن پاکستان” ہی درج ہوگا اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پاکستانی پنک سالٹ کی عالمی سطح پر پیکنگ، پراسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کو دنیا کے بہترین پنک سالٹ کے ذخائر سے نوازا ہے اور پاکستان کا پنک سالٹ اپنے منفرد معدنی اجزاء اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کی مکمل دیانتداری کے ساتھ حفاظت اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔حکام کے مطابق سرمایہ کار پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے لیے آن لائن درخواستیں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔



