مصنوعی ذہانت کا دور :بے مثال ترقی ،خطرات اور چیلنجزکا دور!

مصنوعی ذہانت کا موجودہ دور انسانی تاریخ کا ایک اہم ترین موڑ ہےجو اکیسویں صدی میں عالمی نظام کو ایک نئی سمت کی جانب گامزن کررہا ہے۔ آج دنیا جسمانی طاقت سے زیادہ ذہنی برتری، علم، تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کو اہمیت دے رہی ہے۔ صنعتی انقلاب کے بعد اگرچہ مشینوں اور صنعت نے اہمیت حاصل کرلی، لیکن پھر بھی فوجی طاقت عالمی سیاست کا بنیادی ستون رہی تھی۔پہلی اور دوسری عالمی جنگیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس دور میں طاقت کا مرکز عسکری صلاحیت تھی۔لیکن اب موجودہ دور میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے عالمی منظرنامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔
مصنوعی ذہانت اکیسویں صدی کی سب سے اہم سائنسی او رٹیکنکی پیش رفت سمجھی جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس نے انسانی زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔مصنوعی ذہانت کا تصور دراصل بہت قدیم ہے۔ یونانی داستانوں میں ایسی خودکار مخلوقات کا ذکر ملتا ہے جو انسانوں کی طرح کام کرتی تھیں، لیکن سائنسی بنیادوں پر مصنوعی ذہانت کی ابتدا بیسویں صدی میں ہوئی۔ 1950 میں برطانوی ریاضی دان اور کمپیوٹر سائنس دان ایلن ٹورنگ نے’’ٹورنگ ٹیسٹ ‘‘ کے ذریعے ثابت کیا کہ’’ مشینیں بھی سوچ سکتی ہیں‘‘۔ 1956 میں امریکہ کے شہر ڈارٹماؤتھ میں منعقدہ ایک کانفرنس میں پہلی بار Artificial Intelligence (مصنوعی ذہانت) کی اصطلاح استعمال کی گئی۔آج بھی ’’ٹورنگ ٹیسٹ ‘‘ کو مصنوعی ذہانت کی صلاحیت جانچنے کا ایک اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔ جان میکارتھی، اور دیگر سائنس دانوں نے بھی یہ نظریہ پیش کیا کہ انسانی ذہانت کے بہت سے پہلوؤں کو مشینوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ کچھ سائنس دان اس سے بھی آگے’’سپر انٹیلی جنس‘‘ کا تصور پیش کرتے ہیں، یعنی ایسی ذہانت جو انسانی ذہانت سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہو۔تاہم مصنوعی ذہانت کی انتہا صرف ٹکنیکی ترقی نہیں بلکہ اخلاقی حدود سے بھی وابستہ ہے۔ اگر اس ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح، تعلیم، صحت اور ماحول کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ انسانیت کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر اسے جنگ، نگرانی، غلط معلومات پھیلانے یا انسانی آزادیوں کو محدود کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تو اس کے نتائج خطرناک بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر چہ بیسویں صدی کو صنعتی ترقی اور عسکری طاقت کی صدی کہا جائے توغلط نہ ہوگا۔ اوراکیسویں صدی بلا شبہ علم، ٹیکنالوجی اور ذہانت کی صدی قرار دی جا سکتی ہے۔ آج مصنوعی ذہانت ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ سرچ انجن، سمارٹ فون، خودکار گاڑیاں، طبی تشخیص، مالیاتی نظام، صنعتی روبوٹس اسی ٹیکنالوجی کی مثالیں ہیں۔ اس کے نتیجے میں کام کرنے کے طریقے، تعلیم، طب، تجارت اور ابلاغ کے ذرائع تیزی سے بدل رہے ہیں۔مصنوعی ذہانت کا استعمال ا نسانی زندگی کو یکسر تبدیل کر دے گا۔ صحت، تعلیم، تجارت، زراعت، صنعت اور ٹرانسپورٹ سمیت ہر شعبے میں ذہین مشینیں انسانوں کی معاونت کریں گی۔ پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص چند لمحوں میں ممکن ہوگی، خودکار گاڑیاں عام ہوں گی اور تعلیم ہر فرد تک آن لائن پہنچ سکے گی۔تاہم اس کے ساتھ بے روزگاری کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں، کیونکہ بہت سے روایتی پیشے خودکار نظاموں کے حوالے ہو جائیں گے۔ اس لیے نئی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہوگیا ہے۔
مستقبل کی عالمی قیادت ان ممالک کے پاس ہوگی جو سائنسی اور ٹکنیکی میدان میں آگے ہوں گے۔ چین، امریکہ، یورپی یونین، جنوبی کوریا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک پہلے ہی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ْقدرتی وسائل سے مالا مال ممالک کے مقابلے میں وہ ممالک زیادہ طاقتور ہوں گے جو تحقیق، تعلیم، مصنوعی ذہانت اور اختراع میں سبقت حاصل کریں گےاور اس کے اثرات انسانی زندگی کے ہر شعبے پر مرتب ہوں گے ۔ آج کی دنیا میں معلومات، تحقیق، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور اختراع نئی طاقت کے سرچشمے بن چکے ہیں۔ اب کسی ملک کی برتری کا اندازہ صرف اس کے ٹینکوں، جنگی جہازوں یا ایٹمی ہتھیاروں سے نہیں لگایا جاتا بلکہ اس کے تعلیمی نظام، تحقیقی اداروں، سائنس دانوں اور ٹیکنالوجی میں جدت پیدا کرنے کی صلاحیت سے لگایا جاتا ہے۔امریکہ، چین، جاپان، جنوبی کوریا اور یورپی ممالک کی ترقی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں۔ ان ممالک نے تعلیم، تحقیق اور سائنسی ایجادات پر مسلسل سرمایہ کاری کی، جس کے نتیجے میں وہ عالمی معیشت اور سیاست میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق، بائیوٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں سبقت حاصل کرنے والی ریاستیں آج عالمی فیصلوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ دنیا کی سب سےاہم کمپنیاں اب تیل، فولاد یا اسلحہ بنانے والی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی اور معلومات فراہم کرنے والی کمپنیاں ہیں۔ گوگل، مائیکروسافٹ، ایپل اور دیگر عالمی ادارے اس حقیقت کی نمائندگی کرتے ہیں کہ ذہنی سرمایہ جسمانی وسائل سے کہیں زیادہ قیمتی بن چکا ہے۔ ایک باصلاحیت ذہن ایسی ایجادات اور اختراعات کر سکتا ہے جو پوری دنیا کی معیشت کو تبدیل کر دیں۔مزید برآں، جدید جنگوں کی نوعیت بھی بدل رہی ہے۔ اب روایتی جنگوں کے ساتھ ساتھ سائبر وار، معلوماتی جنگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جنگی نظام سامنے آ رہے ہیں۔ کمپیوٹر کے ذریعے کسی ملک کے مالیاتی نظام، توانائی کے ڈھانچے یا دفاعی نظام کو مفلوج کرنا ممکن ہو چکا ہے۔ اس لیے مستقبل کی جنگیں میدانِ جنگ سے زیادہ لیبارٹریوں، تحقیقی مراکز اور کمپیوٹر اسکرینوں پر لڑی جائیں گی۔
ذہنی برتری کی طرف سفرانسانی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ مختلف ادوار میں طاقت کے پیمانے بدلتے رہے ہیں۔ ایک زمانہ وہ تھا جب اقوام کی عظمت کا انحصار ان کی فوجی قوت، اسلحے کی فراوانی اور جسمانی طاقت پر ہوتا تھا۔ قدیم سلطنتیں اپنی وسیع فوجوں اور جنگی مہارت کے بل بوتے پر دنیا پر حکمرانی کرتی تھیں۔ موجودہ دور میں وہی قومیں ترقی کی دوڑ میں آگے ہیں جو ذہنی اور فکری میدان میں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ماضی میں طاقت کا تصور تلوار، توپ اور بندوق کے گرد گھومتا تھا۔ رومی سلطنت، منگول سلطنت اور دیگر بڑی طاقتیں اپنی عسکری قوت کے باعث دنیا پر حکمران رہیں ۔ لیکن اب سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے عالمی منظرنامے کو یکسر تبدیل کر دیا ۔موجودہ حالات میں ترقی پذیر ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ تعلیم، تحقیق اور انسانی وسائل کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ صرف قدرتی وسائل یا عسکری قوت کسی قوم کو دیرپا ترقی نہیں دے سکتی۔ پائیدار ترقی کے لیے معیاری تعلیم، تخلیقی سوچ، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہیں۔ عالمی نظام واقعی جسمانی طاقت سے ذہنی برتری کی طرف منتقل ہو چکا ہے۔ موجودہ دور علم، دانش، تحقیق اور اختراع کا دور ہے۔ جو قومیں اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں سے آراستہ کریں گی، مستقبل انہی کا ہوگا۔ آج کا سب سے طاقتور ہتھیار تلوار نہیں بلکہ علم اور ذہن ہے۔ مصنوعی ذہانت کا دور دنیا کو بے مثال ترقی، خوشحالی اور سہولتوں کی جانب لے جا سکتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ نئے خطرات اور چیلنجز بھی موجود ہیں۔ مستقبل کا انحصار اس بات پر ہے کہ انسان علم اور ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کرتا ہے یا طاقت اور غلبے کے لیے۔ اگر ذہنی ترقی کو اخلاقی اقدار، انصاف اور عالمی تعاون کے ساتھ جوڑا جائے تو آنے والی دُنیا زیادہ پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ہو سکتی ہے۔



