پنوں کی پاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد، خالصتان ریفرنڈم اور مسلح جدوجہد سے متعلق اہم اعلانات

لاہور: ( آصف اقبال ) سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن ہے اور عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں گرپتونت سنگھ پنوں نے 1947 کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقسیمِ ہند کے دوران سکھوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام اور نسل کشی ہوئی، جبکہ بعد ازاں 1980 کی دہائی میں بھی سکھ برادری کو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت کے دور میں بھی بھارتی پنجاب میں سکھ آبادی کو مختلف معاشی، سماجی اور آبادیاتی مسائل کا سامنا ہے۔
پنوں نے بھارتی پنجاب میں منشیات کے پھیلاؤ، کسانوں کے قرضوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو سکھ برادری کے لیے سنگین مسائل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد بھارتی پنجاب میں ہزاروں کسان خودکشی کر چکے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں سکھ نوجوان منشیات کی لپیٹ میں ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم 16 اگست کو امریکی ریاست انڈیانا میں منعقد کیا جائے گا، جس میں امریکہ سمیت مختلف ممالک میں آباد سکھوں کو خالصتان کے قیام کے حق میں ووٹ دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے خالصتان کا دارالحکومت شملہ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے مسلح جدوجہد کی بات کی، جبکہ بھارت میں پرچم کشائی روکنے والے شخص کے لیے مالی انعام کا اعلان بھی کیا۔
سکھ فار جسٹس کے رہنما نے مزید کہا کہ بھارتی فوج میں موجود بعض سکھ اہلکار مستقبل میں خالصتان کی تحریک کا ساتھ دے سکتے ہیں۔ ان کے مطابق تحریک پہلے پنجاب کی آزادی اور پھر کشمیر کی آزادی کی جانب بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم ایک جانب ریفرنڈم کے ذریعے سیاسی تبدیلی کی کوشش کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب مسلح جدوجہد کرنے والوں کی حمایت بھی کرتی ہے۔
پنوں نے سکھ ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیفنس فورس کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسے نیشنل گارڈ کی طرز پر منظم کیا جائے گا اور کسی حملے کی صورت میں یہ فورس کردار ادا کرے گی۔
انہوں کہا کہ سکھ آبادی کو دانستہ طور پر آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے متاثر کیا جا رہا ہے اور کہا کہ اس نوعیت کی کوششیں 1980 کی دہائی میں بھی کی گئی تھیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں کے بیان میں بھارتی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں،
گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں پاکستان کی ترقی، خطے کی صورتحال اور سکھ برادری کے سیاسی مستقبل سے متعلق بھی متعدد نکات پیش کیے گئے۔



