ایران امریکا جنگ بندی کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی

ٹوکیو: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا کیونکہ سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہو گئے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی تیل کی سپلائی کو متاثر کرے گی۔مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 79 سینٹ یا 1.02 فیصد کمی کے بعد 76.29 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 80 سینٹ یا 1.09 فیصد کمی کے ساتھ 72.41 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ماہرین کے مطابق حالیہ کمی کی بنیادی وجہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والی نسبتاً مثبت فضا ہے۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہے گی اور عالمی سپلائی متاثر نہیں ہوگی۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں اس راستے کی بندش یا رکاوٹ کا خدشہ تیل کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیتا ہے۔



