علیمہ خان نے سابق آرمی چیف کی عمران خان سے ملاقات کی خبر کو بے بنیاد قرار دیدیا

راولپنڈی:علیمہ خان نے سابق آرمی چیف کی عمران خان سے ملاقات کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہا ایسی خبریں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ لوگوں کی توجہ کو ہٹایا جائے۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد باہر موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام ہے کہ 26 نومبر کے احتجاج کا پیغام میں نے عوام تک پہنچایا حالانکہ بانی پی ٹی آئی نے 26 نومبر کے احتجاج کا اعلان جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا تھا، میرے وکیل نے آج بہترین جرح کی لیکن میں نے کہا جو یہ کرنا چاہتے ہیں کرلیں سزا دینا چاہتے ہیں تو دے دیں جیل چلے جائیں گے، رہا کرنا چاہتے ہیں تو کردیں ہم نے ویسے بھی کون سا جرم کیا ہے، ہم اس کیس کو جلدی ختم کرنا چاہتے ہیں، عدالت سے جلدی کی تاریخ مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے ہم سن رہے ہیں سابق آرمی چیف بانی سے جیل میں ملنے گئے، ہمیں نہیں سمجھ آتی کہ یہ خبریں کہاں سے آتی ہیں؟ جن لوگوں کے یہ ذرائع ہیں وہ ہمیں بھی تو بتا دیں، بیرسٹر گوہر کو میں نے میسیج کر کے پوچھا کہ یہ کیا خبر چل رہی ہے؟ انہوں نے تصدیق کی کہ کوئی ملنے نہیں گیا یہ جھوٹ ہے میں بھی نہیں مانتی کہ ان کی اتنی بھی جرأت ہے کہ یہ وہاں پر جائیں، ملک سے باہر جانے کی بات تین برس سے عمران خان نے نہیں مانی تو اب کیا مانیں گے؟



