Select Language:
Urdu / English / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کا عیدالاضحیٰ کا صوبہ گیر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کا عیدالاضحیٰ 2026ء کا صوبہ گیر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ستھرا پنجاب اتھارٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صفائی عملے اور متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شدید گرمی اور 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد صفائی ورکرز نے مسلسل 72 گھنٹے دن رات کام کرکے صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آپریشن میں حصہ لینے والے تمام صفائی ہیروز، افسران، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی ایم آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو شاباش دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صفائی آپریشن کے دوران 40 ہزار مشینری یونٹس، 12 ہزار اضافی لوڈر رکشے اور پک اپ گاڑیاں استعمال کی گئیں جبکہ 7 ہزار سے زائد اضافی مشینری عارضی کولیکشن پوائنٹس کی بروقت صفائی کے لیے تعینات رہی۔ پنجاب بھر میں 290 مویشی منڈیاں اور 1278 اجتماعی قربان گاہوں پر خصوصی صفائی ٹیمیں کام کرتی رہیں جبکہ 6500 مساجد اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی اور دھلائی بھی کی گئی۔سینئر صوبائی وزیر کے مطابق شہریوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست بائیو ڈی گریڈیبل ویسٹ بیگز مفت تقسیم کیے گئے جبکہ لاہور سمیت پورے پنجاب سے 3 لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر ویسٹ بروقت ٹھکانے لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں تعفن کے خاتمے اور حفظانِ صحت کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے 21 لاکھ کلوگرام چونا، 40 ہزار لیٹر عرقِ گلاب اور ایک لاکھ 50 ہزار لیٹر فینائل استعمال کیا گیا۔ صفائی آپریشن کی نگرانی جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے کی گئی جبکہ شہریوں نے ہیلپ لائن 1139 اور موبائل ایپ کے ذریعے بھی خدمات حاصل کیں۔مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صفائی ورکرز کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ان کی تنخواہ کے علاوہ فی کس 10 ہزار روپے خصوصی انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ سال یونین کونسل کی سطح پر باقاعدہ قربان گاہوں کے قیام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کو صوبے کے تمام اضلاع، تحصیلوں، یونین کونسلوں اور دیہی علاقوں تک مزید وسعت دی جائے گی۔پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حالیہ سرجری کامیاب رہی ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا وژن عوامی خدمت، ماحولیات کے تحفظ، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے پنجاب کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانا ہے۔بعد ازاں مریم اورنگزیب نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کے افسران اور صفائی عملے سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button