کسی حتمی معاہدے پر فوری دستخط کا امکان نہیں، اسرائیل مذاکرات کو ناکام بنانے کیلئے کوشاں ہے، ایران

ایران نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں کئی اہم نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے، تاہم کسی حتمی معاہدے پر فوری دستخط کا امکان نہیں ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مذاکرات کے بیشتر موضوعات پر پیش رفت ہوئی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ معاہدہ فوری طور پر طے پا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت مذاکرات کا بنیادی مقصد جنگ کا خاتمہ ہے جبکہ جوہری پروگرام کے تفصیلی معاملات پر فی الحال بات نہیں ہو رہی۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بہترین حکمت عملی پر کام کر رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مناسب انداز میں جواب بھی دے گا۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران امریکا معاہدے کے حوالے سے کوئی ضمانت موجود نہیں کہ امریکا اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گا، تاہم تہران دباؤ یا دھمکیوں کی پروا نہیں کرتا۔



