
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مجھ سے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔ائیر فورس ون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے 200 بوئنگ طیارے خریدنے پر اتفاق کیا ہے، ممکنہ طور پر یہ تعداد 750 تک جاسکتی ہے اسی طرح چین اربوں ڈالر کی سویابین خریدنے جارہا ہے جس سے امریکی کسان بہت خوش ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایران کا جوہری پروگرام 20 سال کے لیے معطل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، ایرانی تیل خریدنے والی چینی کمپنیوں پر عائد پابندیاں اٹھانے سے متعلق فیصلہ کروں گا، ایران کے معاملے پر چینی صدر کے ساتھ مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ آبنائے ہرمز کھولنے کے خواہاں ہیں، چین کے مفاد میں ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے کیونکہ اس کی 40 فیصد تجارت وہاں سے گزرتی ہے، چینی صدر شی جن پنگ نے مجھ سے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ تائیوان سے متعلق چین کو کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی مجھے نہیں لگتا اس حوالے سے کوئی تنازع ہوگا، تائیوان کے حوالے سے امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔



