ہنٹا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی،ہسپانوی جزائر میں کھڑا بحری جہاز ہائی رسک قرار

عالمی ادارۂ صحت نے ہنٹا وائرس سے متاثرہ کروز شپ ’ایم وی ہونڈیئس‘ پر سوار تمام افراد کو ہائی رسک قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان کی 42 روز تک مسلسل نگرانی کی جائے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریباً 150 افراد پر مشتمل یہ بحری جہاز اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں مہلک ہنٹا وائرس کے باعث اب تک 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جہاز ہسپانوی جزائر کینری کے قریب ٹینیرائف کے ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔عالمی ادارۂ صحت کی وبائی امراض کی ڈائریکٹر ماریا وان کرخوف نے سوشل میڈیا بریفنگ میں کہا کہ جہاز پر موجود ہر شخص کو ’ہائی رسک کانٹیکٹ‘ سمجھا جا رہا ہے، اس لیے تمام مسافروں اور عملے کی 42 دن تک فعال نگرانی ضروری ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت جہاز پر موجود کسی شخص میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، تاہم احتیاطی اقدامات کے طور پر نگرانی جاری رکھی جائے گی۔ نگرانی کا دورانیہ مریض کے آخری ممکنہ رابطے کے وقت سے شمار کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ایک ڈچ میاں بیوی اور ایک جرمن خاتون شامل ہیں، جبکہ وائرس کے 8 مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔



