Select Language
شوبز

فیفا ورلڈ کپ 2026 کےلیے شکیرا کی دھماکا خیز واپسی، نئے گانے کا ٹیزر وائرل

عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا ایک بار پھر فٹبال کے سب سے بڑے عالمی میلے سے جڑ گئی ہیں، اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ان کے نئے آفیشل گانے نے شائقین میں زبردست جوش پیدا کر دیا ہے۔شکیرا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل گانے ’ڈائے ڈائے‘ کا ٹیزر جاری کیا، جس کے بعد فٹبال اور موسیقی کے مداحوں میں نئی بحث چھڑ گئی۔ اس گانے کو نائجیریا کے معروف گلوکار برنا بوائے کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی مکمل ریلیز 14 مئی کو متوقع ہے۔گانے کی ویڈیو برازیل کے تاریخی ماراکانا اسٹیڈیم میں فلمائی گئی ہے، جہاں شکیرا رنگا رنگ ڈانسرز کے ساتھ جلوہ گر ہیں۔ ویڈیو میں مختلف قومی ٹیموں کی جرسیوں کے رنگوں میں ملبوس پرفارمرز انٹرنیشنل فٹبال کے جوش کو نمایاں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی غیر معمولی توجہ حاصل کی۔ صرف انسٹاگرام پر اسے کروڑوں بار دیکھا جاچکا ہے، جبکہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اس نے شائقین کی پرانی ورلڈ کپ یادیں تازہ کر دی ہیں۔شکیرا اور فیفا ورلڈ کپ کا تعلق کوئی نیا نہیں۔ 2010 کے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ میں ان کا گانا ’واکا واکا‘ نہ صرف سپر ہٹ ثابت ہوا بلکہ آج بھی اسے ورلڈ کپ کی تاریخ کے یادگار ترین گانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل وہ 2006 میں ’Hips Don’t Lie‘ کے ذریعے افتتاحی تقریبات کا حصہ بنیں، جبکہ 2014 میں ’La La La‘ سے بھی فٹبال فینز کو محظوظ کر چکی ہیں۔نئے گانے کے ٹیزر میں ماضی کے مختلف فیفا ورلڈ کپ آفیشل فٹبالز کی جھلک بھی شامل کی گئی ہے، جو شکیرا کے ورلڈ کپ سے دیرینہ تعلق کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔سوشل میڈیا پر مداحوں نے شکیرا کی اس واپسی کو ’آئیکونک‘ قرار دیا ہے۔ کئی صارفین نے یہاں تک کہا کہ ورلڈ کپ اور شکیرا اب ایک دوسرے کے بغیر ادھورے محسوس ہوتے ہیں، جبکہ کچھ نے مزاحیہ انداز میں مطالبہ کیا کہ ہر فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل گانا مستقل طور پر شکیرا کے حوالے کر دینا چاہیے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا۔ افتتاحی میچ میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button