
اسرائیلی قابض فوج نے 676 فلسطینی شہداء کی لاشیں قبضے میں لے رکھی ہیں، جنہیں نمبروں کے قبرستانوں اور ریفریجریٹروں میں رکھا گیا ہے۔ یہ انکشاف فلسطینی شہداء کی میتوں کی واپسی کے لیے قائم نیشنل کمپین نے اپنی تازہ رپورٹ میں کیا۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق، اسرائیلی حکام نے جنین میں حالیہ دنوں فائرنگ سے شہید کیے گئے مزید تین فلسطینیوں کی لاشیں قبضے میں لے لی ہیں، جس کے بعد قابض فورسز کے پاس موجود لاشوں کی مجموعی تعداد 676 ہو گئی ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ان شہداء میں 71 فلسطینی قیدی، 60 معصوم بچے اور 9 خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں اسرائیل نے ان کے اہلخانہ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے۔انسانی حقوق کے اداروں نے اسرائیلی قبضے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہداء کی میتوں کی واپسی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔