بین الاقوامی
پنجاب پولیس کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے لیے ڈیجیٹل کرائم سرویلنس یونٹ قائم، مریم نواز نے افتتاح کر دیا

- لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور جرائم کے خاتمے کے لیے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا نئے نظام کے تحت صوبے بھر میں ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او)، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی افتتاحی تقریب کے موقع پر کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان تنویر نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہر تھانے میں جرائم سے متعلق تازہ ترین معلومات اور مکمل ریکارڈ ایک کلک پر دستیاب ہوگا۔ یونٹ میں جرائم کی 20 مختلف کیٹیگریز کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جبکہ ماہرین اس ڈیٹا کا تجزیہ کرکے فوری رپورٹس تیار کریں گے بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے ذریعے پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ شہریوں کی شکایات اور درخواستوں کے بروقت ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے گا شکایات کے حل میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی بھی ممکن ہوگی۔ یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق مواد کی نشاندہی بھی کرے گا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا جامع پلان طلب کر لیا انہوں نے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے ڈیٹا کا مؤثر اور درست استعمال یقینی بنانے اور پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی بھی ہدایت کیمریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا حکومت کا عزم ہے اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا بنیادی مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو مزید مؤثر بنانا ہے اچھے اور برے لوگ ہر شعبے میں موجود ہوتے ہیں، تاہم چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کی کارکردگی پر تنقید درست طرزِ عمل نہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔ پولیس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔








