تین نومبر کے انتخابات، ٹیکساس میں تاریخی تبدیلی، کانگریس میں نئی سیاسی طاقت !

کچھ شکستیں محض انتخابی نتائج نہیں ہوتیں، وہ ایک عہد کے اختتام اور دوسرے کے آغاز کا اعلان ہوتی ہیں۔ بعض اوقات اقتدار کے بلند و بالا ایوانوں میں بیٹھے حکمران یہ بھول جاتے ہیں کہ جمہوریت میں تخت مستقل نہیں ہوتے، اور عوام کی خاموشی ہمیشہ رضامندی کی علامت نہیں ہوتی۔ پھر ایک دن بیلٹ باکس کھلتا ہے اور وہی خاموشی ایک ایسا فیصلہ بن کر سامنے آتی ہے جس کی بازگشت برسوں سنائی دیتی ہے۔تین نومبر 2026 کی رات امریکہ میں کچھ ایسا ہی منظر دیکھنے میں آیا۔ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی نیلی لہر نے سیاسی طاقت کا توازن بدل دیا۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے ہاتھ آگیا، جبکہ وہ ریاستیں بھی اس تبدیلی کا مرکز بنیں جو برسوں سے ری پبلکن پارٹی کے مضبوط قلعے سمجھی جاتی تھیں۔سب سے غیر معمولی منظر ٹیکساس میں سامنے آیا، جہاں تین دہائیوں سے قائم ری پبلکن گورنرشپ کا تسلسل ٹوٹ گیا۔ گریگ ایبٹ، جو گزشتہ ایک دہائی سے ریاست کی سیاست اور سخت امیگریشن پالیسیوں کی نمایاں علامت تھے، ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینو ہوزا کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔جینا ہینو ہوزا نے تقریباً 53 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایبٹ کو تقریباً 46 فیصد ووٹ ملے۔ وہ ٹیکساس کی پہلی لاطینی نژاد خاتون گورنر ہوں گی۔ اسی ریاست میں جیمز ٹیلاریکو نے ری پبلکن کین پیکسٹن کو شکست دے کر امریکی سینیٹ کی نشست بھی ڈیموکریٹس کے نام کردی۔یہ وہی ٹیکساس ہے جہاں گورنر ایبٹ نے سرحدوں پر خاردار تاروں، غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف سخت اقدامات، دوسری ریاستوں کو تارکینِ وطن کی منتقلی اور وفاقی حکومت سے مسلسل محاذ آرائی کو اپنی سیاست کا اہم حصہ بنایا تھا۔ ان کے حامی ان اقدامات کو قانون کی حکمرانی اور سرحدی تحفظ کے لیے ضروری قرار دیتے رہے، جبکہ مخالفین انہیں انسانی حقوق اور تارکینِ وطن کے ساتھ سلوک کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔لیکن تین نومبر کو ووٹروں نے ریاست کی سیاسی قیادت بدلنے کا فیصلہ کیا۔ یہ تبدیلی محض امیگریشن کا ردعمل نہیں تھی؛ مہنگائی، معاشی دباؤ، تعلیم، صحت اور ریاستی حکومت کی ترجیحات بھی انتخابی بحث میں شامل رہیں۔ یوں جس ٹیکساس کو کبھی سرخ ریاست سے جامنی ریاست بننے کی طرف گامزن کہا جارہا تھا، وہاں گورنر ہاؤس پر نیلا پرچم لہرانے کی راہ ہموار ہوگئی۔ اگرچہ کسی ایک انتخاب کی بنیاد پر ریاست کو مستقل طور پر ڈیموکریٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، لیکن یہ نتیجہ یقیناً اس کی سیاسی تاریخ کا اہم موڑ ہے۔ٹیکساس اس رات کی صرف ایک داستان تھی،اصل تبدیلی پورے امریکہ کے سیاسی نقشے پر دکھائی دی۔ ری پبلکنز نے انتخابی حلقہ بندیوں کے ذریعے اپنی سیاسی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کی، مگر ووٹروں کے فیصلے نے کئی سیاسی اندازوں کو بدل دیا۔ لکیریں تو کھینچی گئیں، مگر پانی ان لکیروں کا پابند نہ نکلا۔ تین نومبر کی رات یہی پانی ایک نیلی لہر بن کر امریکی سیاست کے کئی مضبوط قلعوں سے ٹکرا گیا۔امریکی سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج میں ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے سات اضافی نشستیں حاصل کیں۔ چار نومبر کی صبح دستیاب اعداد کے مطابق ڈیموکریٹک اتحاد 54 اور ری پبلکنز 44 نشستوں تک پہنچ گئے تھے، جبکہ دو مقابلوں کا فیصلہ باقی تھا۔ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جہاں ڈیموکریٹس نے مطلوبہ 218 نشستوں کی حد عبور کرکے اکثریت حاصل کرلی۔ ابتدائی گنتی میں ان کی تعداد 231 تک پہنچ چکی تھی، جبکہ متعدد حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔اس تبدیلی کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی مدتِ صدارت کے باقی دو برس ایسی کانگریس کا سامنا ہوگا جہاں دونوں ایوانوں میں حزبِ اختلاف کو اکثریت حاصل ہوگی۔ حکومتی اخراجات، صدارتی تقرریوں، انتظامی فیصلوں اور ممکنہ تحقیقات کے معاملات میں کانگریس کا کردار کہیں زیادہ اہم ہوجائے گا۔تاہم صدر کے مواخذے اور انہیں عہدے سے ہٹانے کے درمیان آئینی فرق برقرار رہے گا۔ ایوانِ نمائندگان سادہ اکثریت سے مواخذے کی کارروائی کرسکتا ہے، لیکن سینیٹ میں برطرفی کے لیے موجود ارکان کی دو تہائی حمایت ضروری ہوگی۔ اس لیے سیاسی اکثریت کا حصول کسی صدر کی برطرفی کی ضمانت نہیں۔







