
11 ستمبر 2001 کے واقعات کے بعد امریکا کی زیر قیادت لڑی جانے والی طویل المدتی جنگوں اور فوجی کارروائیوں کو 25 سال مکمل ہو چکے ہیں، جن کے نتیجے میں دنیا بھر میں کروڑوں انسانی زندگیاں متاثر ہوئیں۔ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ڈھائی دہائیوں کے دوران جاری رہنے والی ان جنگی مہمات میں 45 لاکھ سے 47 لاکھ افراد براہِ راست یا بالواسطہ موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس تباہ کن صورتحال کے باعث تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد شہری اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔افغانستان میں 2001 سے جاری رہنے والی دو دہائیوں پر محیط جنگ نے ایک لاکھ 76 ہزار افراد کی جان لی۔اسی طرح 2003 میں عراق پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد شہری براہِ راست ہلاکتوں کا شکار ہوئے۔ یہ قیامت خطے میں گہرے عدم استحکام کا سبب بنی۔امریکی فوج نے پاکستان، یمن، صومالیہ، لیبیا اور شام جیسے ممالک میں متعدد ڈرون اور فضائی حملے کیے۔ داعش کے خلاف جاری مہم کے بارے میں امریکی حکام نے 1417 شہری ہلاکتوں کا اعتراف کیا، تاہم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ یہ تعداد درحقیقت 8264 سے 13360 کے درمیان ہو سکتی ہے۔



