ایپل کا رواں برس یورپ میں پہلا ڈیویلپر سینٹر کھولنے کا فیصلہ

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل رواں برس کے آخر میں یورپ میں اپنا پہلا ڈیویلپر سینٹر کھولنے جا رہی ہے۔کمپنی کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا جا رہا ہے جب ایپل اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ رہے ہیں۔ اگرچہ ایپل کا یورپ میں وجود کافی مضبوط ہے لیکن حالیہ عرصے میں کمپنی کا یورپی ریگولیٹرز کے ساتھ کئی معاملات پر تصادم ہوا ہو چکا ہے۔ریگولیٹرز کا مؤقف ہے کہ ایپل نے اپنے پلیٹ فارمز پر حد سے زیادہ اختیار استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کمپنی کو یورپی صارفین کے لیے متعدد تبدیلیاں متعارف کرانا پڑیں۔یہ نیا ڈیویلپر سینٹر دنیا بھر میں موجود ایپل کے دیگر مراکز کی کڑی ہوگا، جن میں کیلیفورنیا کے کُوپرٹینو، بنگلورو، شنگھائی اور سنگاپور شامل ہیں۔ یورپ کا یہ پہلا مرکز جرمنی کے شہر برلن میں قائم کیا جائے گا اور اسی سال کے آخر میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ایپل کے یہ ڈیویلپر سینٹرز دراصل اُن پروگرامرز اور کمپنیوں کی معاونت کے لیے بنائے جاتے ہیں جو اس کے پلیٹ فارمز کے لیے ایپس تیار کرتے ہیں۔ یہاں ڈویلپرز کو بالمشافہ تربیتی سیشنز، ورکشاپس اور ایپل کے ماہرین کے ساتھ ون آن ون ملاقاتوں کا موقع ملتا ہے، تاکہ وہ اپنی ایپس کو مزید بہتر اور کامیاب بنا سکیں۔



