سندھ اسٹریٹ موومنٹ کا چوتھا روز، قافلہ حیدرآباد پہنچ گیا

حیدرآباد ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی قیادت میں مرکزی و صوبائی قائدین کے ہمراہ سندھ اسٹریٹ موومنٹ کا قافلہ حیدرآباد کی حدود میں داخل ہوگیا۔حیدرآباد پہنچنے پر عوام اور پارٹی کارکنان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کے ہمراہ آنے والے مرکزی و صوبائی قائدین کا نہایت پُرتپاک، والہانہ اور پُرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور قافلے کے شرکا کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔پارٹی رہنماؤں کے مطابق حیدرآباد میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت سندھ میں سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ عوام اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور تحریک کا پیغام سندھ کے مختلف علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔سندھ اسٹریٹ موومنٹ کے چوتھے روز قافلے کی حیدرآباد آمد کے موقع پر کارکنان میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔



