عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کرنے پر پی سی بی کی اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ شکایت

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کی کوریج کے دوران لنچ بریک میں عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کرنے پر اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرادی۔دی گارڈین کے مطابق یہ انٹرویو پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے نشر کیا گیا، جن کے بارے میں ان کے بیٹوں نے حکومت کے مبینہ ناروا سلوک اور ان کی قید پر تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان گزشتہ تین سال سے قید میں ہیں اور انہیں مبینہ طور پر تنہائی میں رکھا گیا ہے۔قاسم خان نے انٹرویو میں کہا کہ یہ واضح نہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ عرصے تک قید میں رکھ کر ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وکلا ان کی جیل کی صورتحال کو خطرناک قرار دے چکے ہیں جبکہ ان کی بہن نے بھی دورانِ قید تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 73 سالہ عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔دی گارڈین کے مطابق پی سی بی کی شکایت کی مکمل نوعیت واضح نہیں، تاہم امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ اعتراض اسکائی اسپورٹس کی جانب سے ایسے افراد کو پلیٹ فارم دینے سے متعلق ہے جو حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ اسکائی اسپورٹس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے مگر اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ انٹرویو نشر کرنے سے روکنے کی کوشش بھی کی تھی۔ لارڈز میں بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ پہلے ہی تاخیر کا شکار تھا۔ انٹرویو نشر ہونے کے بعد پی سی بی کے حکام نے پاکستانی کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں بھیجنے سے روکنے کی دھمکی دی۔



