ویسٹ انڈیز کی سری لنکا کیخلاف ریکارڈز کی بارش، جنگو اور روسٹن چیز کی 401 رنز کی تاریخی شراکت

ویسٹ انڈیز کے بلے باز عامر جنگو اور روسٹن چیز نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چھٹے وکٹ کی سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 401 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹے یا اس سے نچلے نمبر کی کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اور بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2016 میں جنوبی افریقا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 399 رنز جوڑے تھے۔عامر جنگو اور روسٹن چیز ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں یا اس سے نچلی وکٹ پر 400 سے زائد رنز کی شراکت قائم کرنے والی تاریخ کی صرف دوسری جوڑی بھی بن گئے۔ اس سے قبل 1946 میں آسٹریلیا کے سڈ بارنس اور ڈان بریڈمین نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں وکٹ پر 405 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔یہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 400 سے زائد رنز کی دوسری شراکت بھی ہے۔ اس سے پہلے 1958 میں کونراڈ ہنٹ اور گیری سوبرز نے پاکستان کے خلاف دوسری وکٹ پر 446 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی، جو اب بھی ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ ہے۔سری لنکا کے خلاف بھی یہ صرف دوسری مرتبہ ہے کہ کسی جوڑی نے ٹیسٹ میں 400 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی ہے۔ اس سے قبل 1991 میں نیوزی لینڈ کے مارٹن کرو اور اینڈریو جونز نے 467 رنز کی شراکت بنائی تھی۔



