مائیکل جیکسن کی بایوپک نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرلیا

کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’مائیکل‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ارب ڈالرز سے زائد کی کمائی کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ریلیز کے صرف 12 ہفتوں میں فلم نے دنیا بھر میں 1.001 ارب ڈالرز کا بزنس کرکے بایوپک فلموں کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی۔باکس آفس اعداد و شمار کے مطابق فلم کی مجموعی آمدنی میں 629.8 ملین ڈالرز بیرونِ ملک جبکہ 371.8 ملین ڈالرز شمالی امریکا سے حاصل ہوئے۔ اس غیر معمولی کامیابی کے بعد ’مائیکل‘ عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے والی دنیا کی پہلی بایوگرافیکل فلم بن گئی ہے۔ اپریل 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے آغاز ہی سے کئی ریکارڈ توڑنا شروع کر دیے تھے۔ افتتاحی ہفتے کے اختتام تک اس نے صرف امریکا میں 97 ملین ڈالرز جبکہ عالمی سطح پر 217 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جو میوزیکل بایوپک کیٹیگری میں اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔



