Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب میں صاف پانی، زراعت، صحت و تعلیم سمیت اہم شعبوں میں اے ڈی بی کے تعاون سے منصوبے تیز کرنے پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر (جنوبی، مرکزی اور وسطی ایشیا) ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اے ڈی بی کے نائب صدر کا خیرمقدم کیا، جبکہ ینگ منگ یانگ نے پرتپاک میزبانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران اے ڈی بی کے نائب صدر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن اور تیز رفتار اقدامات کو سراہا۔ دونوں جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی، زراعت، تکنیکی ہنر، صحت اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کارڈیک ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور کینسر ہسپتال کے منصوبوں کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ’’پنجاب ایگری فوڈ انویسٹمنٹ فورم‘‘ کے انعقاد میں تعاون پر اے ڈی بی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ملاقات میں نرسنگ کی تعلیم، اسکولوں میں سٹیم لیبز کے قیام اور کسانوں کو زرعی مشینری کی فراہمی کے لیے تین رعایتی قرضوں کے معاہدوں سمیت مختلف منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تمام پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ اگلے سال تک اے ڈی بی کی معاونت سے مزید دو ہزار الیکٹرو بسیں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی۔ ہیلتھ پراجیکٹس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور عوام کی سہولت کے لیے انہیں جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے زراعت کی بہتری اور معاشی ترقی کے منصوبے ’’پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان‘‘ کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیل کے بیجوں، دالوں اور پھلوں کی کاشت بڑھانے، زرعی فنانس اور کولڈ چینز کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کے ساتھ بڑھتی ہوئی ورک فورس کے باعث صنعتی ترقی کا بھی اہم مرکز ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وسیع اصلاحاتی ایجنڈا مضبوط حکمرانی، بہتر سروس ڈیلیوری، اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی پر مرکوز ہے۔ PIVOT کے تحت صوبے میں ویلیو ایڈیشن، برآمدات، مہارتوں کی ترقی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button