فیسلیٹیشن سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی پر محسن نقوی کا سخت نوٹس، ایک ماہ میں سہولتیں بہتر بنانے کا حکم

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہِ راست ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے فیسلیٹیشن سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ سنٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔محسن نقوی نے سینئر سٹیزن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں، رش اور شہریوں کے طویل انتظار پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فیسلیٹیشن سنٹر آنے والے شہریوں کو بہتر انداز میں مینج کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ نئے کاؤنٹرز بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ فیسلیٹیشن سنٹر کا نظام اب بھی بڑی حد تک مینول ہے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہیں ہوئی، جبکہ مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات فراہم نہ ہونے کے باعث انہیں بار بار سنٹر آنا پڑتا ہے۔محسن نقوی نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور مقررہ تاریخ پر دستاویزات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے فیسلیٹیشن سنٹر کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ماہ کے اندر فیسلیٹیشن سنٹر کی سہولتوں اور نظام میں واضح بہتری نظر آئے گی۔



