یومِ دفاع و شہداء پر لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور میں پُروقار تقریبات، شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت

لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور ( آصف اقبال ) یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں پُروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاک فوج کے افسران، جوانوں، سول انتظامیہ اور شہریوں نے وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے وطن کو عقیدت و احترام سے خراجِ تحسین پیش کیا۔لاہور میں مزارِ اقبال پر تقریب کے دوران پاکستان رینجرز (پنجاب) کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ کور کمانڈر لاہور نے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔گوجرانوالہ کے نشانِ منزل میں منعقدہ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی اور پھول رکھے۔ تقریب میں ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ملتان میں یادگارِ شہداء پر تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ کمانڈر سدرن کمانڈ نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، جوانوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔بہاولپور میں یادگارِ شہداء پر پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اعلیٰ فوجی افسران نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران، سول انتظامیہ، پاک فوج کے جوانوں سمیت شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔یومِ دفاع و شہداء کی یہ تقریبات اس عزم کی تجدید کا مظہر ہیں کہ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ شہداء نے اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی تاریخ رقم کی اور قوم آج بھی ان کی قربانیوں کو عقیدت، فخر اور احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے۔



