پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 7 روڈ پیکجز کی منظوری، مقامی سطح پر ویکسینز کی تیاری کا بھی فیصلہ

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبہ پنجاب کی ترقی میں نجی شعبے کو مؤثر شراکت دار بنانے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے پانچویں اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ابتدائی مرحلے میں 7 روڈ پیکجز کی منظوری دے دی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کنٹریکٹس کے لیے کامیاب بولیوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ کامیاب بولی دہندگان اپنی بولیاں سات سال تک برقرار رکھنے کے ساتھ پنجاب حکومت کو منافع بھی دیں گے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر نجی شعبے کے تعاون سے پنجاب میں مقامی سطح پر ویکسینز کی تیاری شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منہ کھر کی بیماری کے علاج کی ویکسین کی تیاری اور لائیو اسٹاک فارمز و ویکسین کے شعبے میں ٹرانسفارمیشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے پنجاب کے مختلف شعبوں کی ترقی کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن گیم چینجر ثابت ہوگا۔ منصوبوں پر شفافیت اور مقررہ مدت کے مطابق عملدرآمد کارکردگی جانچنے کا اہم معیار ہے، جبکہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی خدمت بھی کارکردگی کے بنیادی پیمانے ہیں۔اجلاس میں بولیوں کے جائزے کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے ترامیم کی منظوری دی گئی، جبکہ کارکردگی کے طے شدہ معیارات کے مطابق ادارہ جاتی اور انتظامی مینجمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے صوبائی وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے چوتھے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اس کے علاوہ انفارمیشن و کمیونیکیشن اصلاحات، سوشل میڈیا مینجمنٹ اور سالانہ ضلعی ڈویلپمنٹ پلان سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب فنانشل اسسٹنس سروسز (PFAS) کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت فنانس ڈیپارٹمنٹ میں قائم کیے گئے PFAS ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔مریم اورنگزیب نے بہترین کارکردگی پر فنانس سیکرٹری مجاہد شیر دل اور سابق سی ای او PFAS نعمان یوسف کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فنانس سیکرٹری، سی ای او PFAS سلمان لودھی، سی ای او P4A ذیشان حنیف اور فنانس ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔



