تائیوان میں کچرے کے ڈھیر میں خوفناک دھماکا، 15 افراد زخمی، 68 گھر متاثر

تائیوان کے شہر تائنان میں خالی پلاٹ پر کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے کے بعد ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی جبکہ 68 گھروں کو نقصان پہنچا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ 22 اگست کی صبح تائنان کے عنان ضلع میں پیش آیا، جہاں خالی جگہ پر موجود کچرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور بعد ازاں زوردار دھماکا ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 144 اہلکاروں اور 53 گاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے میں 4 گھنٹے سے زائد وقت لگا۔حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 12 مقامی شہری اور 3 فائر فائٹرز شامل ہیں، تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں بتائی گئی۔دھماکے سے مجموعی طور پر 68 گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ جائے وقوعہ کے قریب موجود تین مکانات کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ متعدد نجی گاڑیوں اور امدادی اداروں کی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ معاملہ پراسیکیوٹرز کے حوالے کردیا گیا ہے اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے کہ آیا خالی پلاٹ پر کچرا غیر قانونی طور پر پھینکا گیا تھا۔



