Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

محسن نقوی کی نیشنل پولیس بیورو آمد، اہم اصلاحات کی منظوری

اسلام آباد( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں پولیس سے متعلق خدمات کو جدید اور یکساں بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ یومِ پولیس شہداء کے موقع پر پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، ان کا احسان تاقیامت بھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر (کلیرنس) سرٹیفکیٹ کے نظام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ آئندہ نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جبکہ اس کے حصول کے پیچیدہ طریقہ کار کو آسان، تیز رفتار اور مکمل طور پر آن لائن بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو کے پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی ملک بھر میں یکساں نظام متعارف کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے مربوط نظام سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک فعال، جدید اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ بھی کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو نے وفاقی وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button