پاکستان سکھ یاتریوں کے لئے محفوظ اور پرامن ملک ہے: سردار رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ملائیشیا کے دورے پر موجود صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کے درشن کیے، جہاں سکھ سنگت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کی انتظامیہ، سابق پردھان اوتار سنگھ ٹیری، موجودہ پردھان دلبیر سنگھ، جنرل سیکرٹری منیشا کور اور دیگر رہنماؤں نے صوبائی وزیر اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ نوید، سردار جسکرن سنگھ، سردار پلویندر سنگھ اور حافظ مزمل بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔دورانِ ملاقات ملائیشیا میں مقیم سکھ برادری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی روابط، مذہبی سیاحت کے فروغ اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی پیغام سکھ سنگت تک پہنچاتے ہوئے انہیں نومبر میں گروپورب کی تقریبات اور پاکستان میں واقع مقدس گوردواروں کے درشن کے لیے خصوصی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان، حکومتِ پنجاب، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات، فول پروف سکیورٹی اور پرامن مذہبی ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت مقدس گوردواروں کی بحالی، تزئین و آرائش، مذہبی ورثے کے تحفظ اور یاتریوں کی سہولت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دورۂ ملائیشیا کا مقصد مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت، پُرامن اور برداشت پر مبنی تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت دنیا بھر کی سکھ برادری سے روابط مزید مضبوط بنانے اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر گوردوارہ صاحب پیٹالنگ جایا کی سنگت نے سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور پاکستانی وفد کو روایتی سروپا پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔



