’نیتن یاہو جنگی مجرم ، اسے گرفتار ہونا چاہیے:میئر نیویارک ظہران ممدانی کا اعلان

نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ کے پاس اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کا قانونی اختیار موجود نہیں، تاہم انہوں نے امریکی وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔ظہران ممدانی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی انتظامیہ نے اس بات کا تفصیلی قانونی جائزہ لیا کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آتے ہیں تو کیا شہر کی انتظامیہ انہیں گرفتار کر سکتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی جائزے کے بعد یہ واضح ہوا ہے کہ نیویارک سٹی حکومت کے پاس بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ پر عمل درآمد کا خودمختار اختیار موجود نہیں۔ممدانی نے کہا کہ ’بنیامین نیتن یاہو ایک جنگی مجرم ہیں اور فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ نیویارک کے پاس گرفتاری کا اختیار نہیں، لیکن وفاقی حکومت کے پاس یہ اختیار موجود ہے اور اسے اس حوالے سے کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے نزدیک جس شخص کے خلاف بھی بین الاقوامی فوجداری عدالت نے الزامات عائد کیے ہیں، اسے قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 2024 میں کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تناظر میں بنیامین نیتن یاہو کے خلاف مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے حوالے سے معقول شواہد موجود ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا تھا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر نیتن یاہو ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا آئے تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔



