Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، مریم اورنگزیب

راولپنڈی ( آصف اقبال ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام اگر پنجاب کی طرز پر ترقی، بہتر انفراسٹرکچر، معیاری تعلیم، صحت اور عوامی فلاح چاہتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا کشمیر سے دل اور خون کا رشتہ ہے اور ان کے دور کے ترقیاتی منصوبے آج بھی عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں۔راولپنڈی میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے انتخابی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما طاہرہ اورنگزیب اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔انہوں نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا "شیر” عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے میدان میں آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے پاکستان سے الگ نہیں کر سکتی۔ ان کے بقول قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق میاں نواز شریف نے کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب میں صفائی، امن، دیہی ترقی اور صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد عوامی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں اور اسی طرز کی ترقی آزاد کشمیر میں بھی لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، جبکہ کشمیری عوام ووٹ مانگنے والوں سے یہ ضرور پوچھیں کہ انہوں نے اپنے اپنے صوبوں میں کیا کارکردگی دکھائی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ انتخابات میں عوام شیر پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ جلسے کے اختتام پر مریم اورنگزیب نے "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگوائے، جبکہ کارکنوں نے "مریم نواز زندہ باد” اور "تیری آواز، میری آواز، مریم نواز” کے نعرے بھی بلند کیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button