برطانیہ کا ایرانی پاسداران انقلاب کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینے کا اعلان

لندن: برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کو جلد قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا جائے گا۔برطانوی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ اقدام غیر ملکی ریاستوں کی سرپرستی میں ہونے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعارف کرائی جانے والی ہنگامی قانون سازی کے تحت کیا جا رہا ہے۔وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ ساتھ اسلامک موومنٹ آف کمپینینز آف دی رائٹ اور روس سے منسلک جی آر یو والنٹیئر کور کو بھی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اگر رواں ہفتے کے اختتام پر برطانوی پارلیمنٹ اس فیصلے کی منظوری دے دیتی ہے تو ان تنظیموں سے وابستہ یا ان کی جانب سے تخریب کاری، بشمول آتش زنی، میں ملوث افراد کو عمر قید تک کی سزا سنائی جا سکے گی۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی بھی ایسی غیر ملکی قوت کو برطانیہ میں سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی جو ملک میں خوف، تشدد یا تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرے۔ ان کے بقول برطانیہ اپنی سرزمین کو ایسی کارروائیوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دے گا۔



