پاکستان اور چین کا انسداد دہشت گردی اور داخلی سلامتی میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نیویارک(آصف اقبال) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں چین کے وزیر مملکت برائے داخلہ اور اسپیشل سروس بیورو کے سربراہ لنگ ژیفینگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، داخلی سلامتی اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے داخلی سلامتی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بارڈر مینجمنٹ، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ ہر سطح پر روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت میں ملوث ممالک کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط انتہائی اہم ہیں، جس کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر چین کے وزیر مملکت برائے داخلہ لنگ ژیفینگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مؤثر خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔چینی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ویزا اور امیگریشن سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔



