بین الاقوامی
امریکہ ایران معاہدے نے تیل کی قیمتوں کو لگے پر کاٹ دیئے

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی سے متعلق مثبت پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر اتفاق رائے کی خبروں کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔برینٹ خام تیل کے مستقبل قریب کے معاہدوں میں اس کی قیمت میں 2.02 ڈالر یا 2.4 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد یہ 81.15 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ ایک موقع پر برینٹ خام تیل 80.89 ڈالر فی بیرل تک گرگیا جو 4 مارچ کے بعد کم ترین سطح ہے۔اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 2.22 ڈالر یا 2.8 فیصد کمی دیکھی گئی جس کے بعد یہ 78.53 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ ایک موقع پر یہ بھی 78.27 ڈالر فی بیرل تک گر گیا تھا جو 10 مارچ کے بعد سب سے کم سطح سمجھی جا رہی ہے۔



