فرانس نے یہودی انتہاپسند اسرائیلی وزیرِ خزانہ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

فرانس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینی نہتے شہریوں پر بڑھتے ہوئے تشدد اور توسیع پسندانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدام اُٹھا لیا۔فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فرانس نے برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ناروے کے ساتھ مل کر مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد اور غیر قانونی آبادکاری میں اضافے کے ذمہ دار افراد کے خلاف نئی پابندیاں نافذ کی ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ ان پابندیوں کے تحت اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل اسموٹریچ کے علاوہ یہودی آبادکار تنظیموں کے 4 رہنماؤں اور 21 ایسے آبادکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو فلسطینیوں پر بہیمانہ تشدد اور انھیں گھروں سے نکالنے میں ملوث تھے۔فرنسیسی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ان تمام افراد کے فرانس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کسی بھی فرانسیسی شہری کو ان کے ساتھ لین دین میں احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔



