ایران پر نئے امریکی حملے، ایران کا جوابی وار، کویت، لبنان اور خلیج میں ہائی الرٹ

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ہے جبکہ خطے میں جنگ کے دائرہ وسیع ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فوجی تنصیبات پر نئے حملے کیے ہیں دوسری جانب ایران نے امریکی کارروائی کے جواب میں حملے کا دعویٰ کیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کے قریب ایک فوجی مقام کو نشانہ بنایا۔ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی امریکی فوجیوں اور آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کو لاحق خطرات کے پیش نظر کی گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں میں کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جواب میں ایک امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی فوج نے خبردار کیا کہ اگر امریکی جارحیت جاری رہی تو اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔دوسری جانب کویت کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ’دشمن‘ میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنایا۔ کویتی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملے کہاں سے کیے گئے تھے، تاہم خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔



