
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران تازہ حملوں کے باوجود جنگ بندی معاہدے کی جزیات پر متفق ہوگئے ہیں تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی حکام کی جانب سے تاحال منظوری نہیں دی گئی ہے۔امریکی ویب سائٹ ایکسویس کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں نے جنگ بندی کو وسعت دینے اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے 60 روزہ مفاہمی یادداشت (ایم او یو) پر اتفاق کر لیا ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک اپنی حتمی منظوری نہیں دی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ثالثی کی کوششوں میں شامل دو امریکی اور ایک علاقائی عہدیدار نے اس پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ایران نے بھی اب تک تصدیق نہیں کی ہے۔ویب سائٹ نے بتایا کہ ایم او یو پر دستخط حالیہ جنگ کے آغاز کے بعد سب سے اہم سفارتی پیش رفت ہوگی، تاہم حتمی معاہدے کے لیے مزید مذاکرات کرنے ہوں گے۔مذاکرات کاروں میں سے ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو سب کو مذاکرات کی میز پر لائے گا اور تفصیلات مذاکرات کے دوران طے کی جائیں گی۔



