
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ عز الدین الحداد کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ان کی جگہ لینے والے محمد عودہ نے بھی اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔محمد عودہ کو اسرائیل نے ایک رہائشی عمارت کی بالائی تین منزل کو فضائی حملے میں نشانہ بناکر ساتھیوں سمیت شہید کیا حالانکہ یہ عمارت ایک پُرہجوم بازار میں قائم تھی جہاں عید کے باعث غیرمعمولی رش تھا۔اسرائیلی فوج کی خفیہ ایجنسی نے محمد عودہ کی شہادت کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کئی ماہ تک حماس کمانڈر کی انٹیلی جنس نگرانی کی گئی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریکنگ کی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا وہ محمد عودہ کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی تھیں۔ عمارت کی بالائی تین منزلوں کو بیک وقت مختلف سمتوں سے کم از کم پانچ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک اور قریبی اپارٹمنٹ پر بھی حملہ کیا گیا جہاں ایک ایسے حماس رکن کی موجودگی کا علم ہوا تھا جو 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں شریک تھا اور محمد عودہ کے قریبی معاونین میں شمار ہوتا تھا۔مئی کے وسط میں عزالدین الحداد کی شہادت کے بعد ان کے جانشین بننے والے محمد عودہ کو حماس کی القسام کی سربراہی کا موقع چند دن ہی مل سکا لیکن حماس کی عسکری کارروائیوں میں ان کی طویل تاریخ رہی ہے۔



