نیویارک : ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی موت سے غزہ میں امن کے امکانات آسان اور بہتر ہو جائیں گے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر نے انتخابی مہم کی تقریبات کے لیے ڈیٹرائٹ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میرے خیال میں اس سے یہ آسان ہو گیا ہے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید جبکہ اسرائیلی رہنما کی اچھا کام کرنے پر تعریف کی۔ٹرمپ نے کہا، “انہوں نے مجھے کال کی، میں نے ان سے بات نہیں کی، میں غالباً اب بات کرنے جا رہا ہوں، بائیڈن انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں غالباً اس کے برعکس کرنا چاہئے۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر کے مہلک حملے کے معمار 62 سالہ سنوار بدھ کے روز جنوبی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائی میں شہید ہوگئے تھے۔بائیڈن اور ڈیموکریٹک نائب صدر کملا ہیرس جن کا ٹرمپ سے پانچ نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات میں سخت مقابلہ ہے، نے غزہ اور لبنان کی جنگوں میں اسرائیل کی بھرپور حمایت برقرار رکھی ہے، تاہم واشنگٹن نے اس ہفتے کے شروع میں اسرائیل سے ایک خط میں مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی صورتِ حال کو بہتر بنائے یا امریکی کی طرف سے فوجی امداد پر ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرے۔7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں اب تک 42 ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ 92ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔
0