اسلام آباد: چین کے خلائی مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے روانہ ہواجو 5 دن میں چاند کے مدار میں پہنچے گا اور یوں پاکستان چاند کے مدار میں سٹیلائٹ بھیجنے والا دنیا ک چھٹا ملک بن گیا ہے۔چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سے سٹیلائٹ مشن آج دن 2 بج کر 27منٹ پر روانہ ہوا، مشن کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، سپارکو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا، لوگوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔’آئی کیوب قمر’ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی ’سپارکو‘ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے، یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا۔پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں، ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ’آئی کیوب کیو‘ کو چین کے ’چینگ 6‘ مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹر خرم خورشید نے کہا کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر میسر ہوں گی۔ڈاکٹر خرم خورشید نے کہا کہ سیٹلائٹ پاکستان کا ہے، ہم ہی اس کا ڈیٹا استعمال کریں گے لیکن چونکہ اسے چین کے نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے چاند پر پہنچایا جا رہا ہے اس لیے چینی سائنس دان بھی اس ڈیٹا کو استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ 2 سال کی قلیل مدت میں تیار کیا گیا ہے۔
0