
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی اور محکمۂ ٹرانسپورٹیشن کے کمشنر مائیک فلین نے بروکلین کے علاقے سن سیٹ پارک میں تھرڈ ایونیو کے 2.1 میل طویل حصے کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سڑک عبور کرنے کو محفوظ بنانا، تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے واقعات میں کمی لانا اور سائیکل سواروں کے لیے محفوظ اور مخصوص راستے فراہم کرنا ہے۔اس منصوبے کے تحت بروکلین کی خطرناک ترین سڑکوں میں شمار ہونے والی تھرڈ ایونیو کو جدید حفاظتی تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جائے گا۔ گزشتہ دس برسوں کے دوران اس سڑک پر پیش آنے والے حادثات میں 17 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ان میں نرس جیائی ژینگ بھی شامل تھیں، جو رواں سال اگست میں ایک ایسی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گئی تھیں جس کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔میئر زوہران مامدانی نے کہا کہ نیویارک کی سڑکوں پر شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں جن میں چوراہوں کو محفوظ بنانا، سڑک عبور کرنے کے فاصلے کو کم کرنا، سائیکل سواروں کے لیے حفاظتی رکاوٹوں والے راستے تعمیر کرنا اور سڑکوں کی ایسی جامع ازسرنو منصوبہ بندی کرنا شامل ہے جس میں انسانی جانوں اور شہریوں کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس سڑک پر واقع راہداری میں 17 افراد اپنی جانیں کھو چکے ہیں، اور یہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہنا چاہیے۔ اگلے سال سے تھرڈ ایونیو کو تبدیل کرنے کا کام شروع کیا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور گاڑی چلانے والوں کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔میئر ممدانی کے مطابق نیویارک شہر بھر میں اگلے تین برسوں کے دوران خطرناک ترین سڑکوں کو بھی نئے سرے سے ڈیزائن کرکے ان میں حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک حادثات میں ہونے والی ایسی اموات، جنہیں بروقت اقدامات کے ذریعے روکا جا سکتا ہے، ناگزیر نہیں ہیں اور شہریوں کو سفر کے دوران اپنی جانوں سے محروم ہونے کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔








