ٹائیگر شروف فائرنگ کیس میں نیا موڑ؛ بشنوئی گینگ کا اصل ہدف عامر خان تھے

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مبینہ حملہ آوروں کا اصل ہدف اداکار عامر خان تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کے تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ تعلق رکھنے والے حملہ آوروں کو ابتدائی طور پر عامر خان کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ملزمان نے تقریباً ایک ماہ ممبئی میں قیام کے دوران عامر خان کی رہائش گاہ کے اطراف کم از کم تین مرتبہ نگرانی کی، تاہم اداکار کی شوٹنگ میں مصروفیات اور گھر سے کم نکلنے کے باعث وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے۔بعدازاں ملزمان نے ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ اکثر اتوار کو جوہو کے ایک پارک میں فٹبال کھیلنے آتے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق عامر خان کو رواں سال جولائی میں مبینہ طور پر بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں۔








