Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کےلئے سیاسی استحکام ضروری ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی، غربت میں کمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاری اور نجی شعبے کا فروغ ناگزیر ہے، جبکہ سیاسی استحکام کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ سیاسی اختلافات کے باوجود عام شہریوں کی نقل و حرکت، کاروبار اور بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونی چاہیے۔26ویں بین الاقوامی پولٹری نمائش (آئی پیکس 2026) کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نمائش میں ملکی و غیر ملکی اداروں، سرمایہ کاروں، ماہرین اور کاروباری شخصیات کی شرکت پولٹری انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتی ہے۔ پولٹری کا شعبہ ادویات، جدید مشینری، انڈوں کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات سمیت متعدد کاروباری سرگرمیوں سے منسلک ہے، جو معیشت کی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ چینی پویلین، جدید آلات اور پراسیسنگ پلانٹس کی نمائش بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔ حکومت تنہا تمام شہریوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی، اس لیے نجی شعبے کی شمولیت، کاروباری مواقع میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے۔سیاسی احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم احتجاج کے نام پر سڑکوں کی بندش اور کاروباری و تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور معیشت بھی متاثر ہوتی ہے۔ سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا، تشدد اور حساس تنصیبات پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ سیاسی اختلافات کو تصادم کے بجائے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سیاسی قیادت کو قومی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے سرکاری اسکولوں میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تدریس اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش بچوں کے مستقبل کو متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے رہائشی سہولتوں اور صفائی کے شعبوں میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کم آمدن والے افراد کے لیے رہائشی منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملک محمد احمد خاں نے آئی پیکس 2026 کے منتظمین اور شرکا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشیں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے، کاروباری روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button