کم جونگ اُن کاٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب دینے سے انکار ، ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب دینے سے انکار کر دیا جبکہ ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم شدہ ٹیلی فون لائنز اور رابطہ چینلز کے ذریعے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم دوسری جانب سے کسی نے جوابی کال نہیں کی۔اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو ایک خط تحریر کیا لیکن اصل مسئلہ یہ خط کم جونگ اُن تک پہنچانا تھا۔رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام نے ایک منصوبہ بنایا جس کے تحت ایک گروپ کو مین ہٹن میں اقوامِ متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر انتظار کرنے کے لیے بھیجا گیا۔ جب ایک شمالی کوریائی سفارت کار وہاں سے گزرا تو اس گروپ نے لپک کر خط اس کے ہاتھوں میں تھما دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بعد ازاں اقوامِ متحدہ کے ایک اجلاس میں اس سفارت کار نے وہ بغیر کھلا خط ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔صدر ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران دونوں رہنماؤں نے 3 بار ملاقات کی تھی اور جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ان کے مذاکرات کا مرکزی نکتہ تھا۔ اخبار کے مطابق اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر نہ تو اپنا جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ترک کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی ٹرمپ کے ساتھ دوستی رکھنے کے خواہشمند ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ رواں ہفتے ایشیا کے دورے کے موقع پر کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کی ٹرمپ کی تازہ کوشش بھی ناکامی سے دوچار ہوئی۔







