مشہور فلم ’ہوم الون‘ کا نیا سیکوئل بننے کو تیار، اصل ہیرو کی واپسی

ہالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فلم ’ہوم الون‘ کے مداحوں کے لیے خوش خبری سامنے آگئی۔رپورٹس کے مطابق میکالے کلکن نے رواں سال ڈزنی کے حکام کو نئی فلم کا خیال پیش کیا تھا، جسے مبینہ طور پر منظوری مل گئی ہے۔46 سالہ میکالے کلکن ایک بار پھر اپنے مشہور کردار کیون میک کالسٹر میں نظر آئیں گے، تاہم اس مرتبہ کہانی ایک باپ کے نقطۂ نظر سے پیش کی جائے گی۔نئی فلم کی کہانی اور پروڈکشن پر سیٹھ روگن اور ایون گولڈ برگ بھی کام کریں گے۔میکالے کلکن اس سے قبل بتا چکے ہیں کہ وہ ایسی کہانی چاہتے ہیں جس میں کیون خود ایک باپ بن چکا ہو اور اس کا بیٹا اسے گھر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے دلچسپ جال بچھائے۔دوسری جانب اصل فلم کے ہدایتکار کرس کولمبس نے سیکوئل بنانے کے خیال کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 35 سال پرانی کامیابی کو دوبارہ دہرانے کی کوشش غلطی ہو گی۔واضح رہے کہ ’ہوم الون‘ پہلی بار 1990 میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ اس کا کامیاب سیکوئل 1992 میں سامنے آیا تھا۔








