لانگ مارچ کا ساتواں روز،سہیل آفریدی کی حکومتی پالیسیوں کڑی تنقید

چارسدہ ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی لانگ مارچ کے ساتویں روز کی قیادت کے لیے مین چارسدہ چوک پہنچ گئے، جہاں عمران خان کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ پارٹی ترانوں اور نعروں سے گونجتی فضا میں مارچ کے شرکاء نے حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر سہیل آفریدی نے مبینہ رجیم چینج آپریشن کے بعد وفاقی حکومت کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے بین الاقوامی رپورٹس اور معاشی اعدادوشمار کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت، مہنگائی، معاشی سست روی اور دہشت گردی جیسے چیلنجز نے پاکستان کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا وفاقی پالیسیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔وزیراعلیٰ نے عالمی حکمرانی کی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن اور گلوبل ٹیررازم انڈیکس سے متعلق اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنی پالیسیوں کے نتائج کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کے بجائے عوامی مفاد، معاشی استحکام اور امن و امان کو ترجیح دینا ضروری ہے۔



