Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

مریم نواز کی عمان کے وزیر زراعت سے ملاقات، زراعت، فشریز، لائیوسٹاک اور سکلڈ ورکرز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عمان کے وزیر زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور عمان کے درمیان زراعت، فشریز، لائیوسٹاک، آبی وسائل اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔عمان کے وزیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے زراعت، فشریز اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ عمان کی جانب سے پنجاب میں پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔مریم نواز شریف نے مسقط کو پنجاب سے معیاری گوشت اور زندہ مویشی ایکسپورٹ کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب عالمی مارکیٹ کے تناسب سے مناسب نرخ پر بہترین میٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زندہ مویشیوں کی برآمد کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی بات کرنے کا عندیہ دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی زرعی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ صوبے میں ایکوا کلچر کے فروغ کے لیے گزشتہ سال سے شریمپ فارمنگ کا تجرباتی پروگرام جاری ہے، جبکہ مظفرگڑھ کے شاہ گڑھ، علی والا اور سرگودھا میں شریمپ کی ٹرائل فارمنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شاہ گڑھ میں پاکستان کا پہلا جدید ایکوا کلچر مال اور شریمپ ڈائیگناسٹک لیب قائم کی جائے گی، جبکہ چین، ناروے، ویت نام اور انڈونیشیا کی طرز پر جدید مشینری کے ذریعے ایکوا فارمنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تقریباً 30 ہزار ایکڑ رقبے پر شریمپ فارمنگ کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ایکوا کلچر کے فروغ کے لیے مسقط کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت دو سے ڈھائی لاکھ گھروں کی تعمیر ہاؤسنگ کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہو رہی ہے، جبکہ پنجاب میں دوسرے صوبوں سے لوگ روزگار کے بہتر مواقع اور روشن مستقبل کی تلاش میں آتے ہیں۔سکلڈ ورکرز کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہزاروں نوجوان تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہیں مختلف شعبوں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تربیت دی جا رہی ہے جبکہ لاکھوں نوجوانوں کو مقامی اور عالمی جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے پنجاب سے مسقط جانے والے سکلڈ ورکرز پر عائد پابندی اٹھانے کے لیے اقدامات کی تجویز بھی پیش کی، جس سے عمانی وزیر نے اتفاق کیا۔عمان کے وزیر سعود بن حمود بن احمد الحبیسی نے کہا کہ مسقط میں سکلڈ ورکرز کی ضرورت برقرار ہے اور پاکستان کے نوجوان خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مسقط کے مختلف شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی ضروریات سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن، ایکوا کلچر، ایگریکلچر اور دیگر شعبوں میں پنجاب کے سکلڈ ورکرز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسقط روانگی کے موقع پر اپنے والد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے دی گئی دعاؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ ’’آپ خوش نصیب ہیں، میں تین مرتبہ وزیراعظم ہونے کے باوجود مسقط نہیں جا سکا۔ملاقات کے دوران پنجاب اور عمان کے درمیان باہمی معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے، زرعی و آبی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button