لانگ مارچ کا تیسرا روز، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ کوہاٹ کی جانب روانہ

پشاور (آصف اقبال) خیبرپختونخوا میں جاری لانگ مارچ کے تیسرے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں لانگ مارچ کا قافلہ لاچی سے کوہاٹ کی جانب روانہ ہوگیا، جہاں وزیراعلیٰ کالج چوک کوہاٹ میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔لانگ مارچ میں ہنگو، کرم اور اورکزئی سے آنے والے قافلے بھی کوہاٹ پہنچ چکے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں سے کارکنان کی شرکت کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء آفتاب عالم، شفیع جان، ایم این اے شاہد خٹک، ایم پی اے اورنگزیب، ایم پی اے داؤد آفریدی سمیت دیگر رہنما بھی لانگ مارچ کے کنٹینر پر موجود ہیں۔کوہاٹ میں خطاب کے بعد لانگ مارچ کا قافلہ پشاور کی جانب روانہ ہوگا۔ پروگرام کے مطابق قافلہ آج رات متنی اور بڈھ بیر کے مقام پر قیام کرے گا، جس کے بعد مارچ کو پشاور کی جانب آگے بڑھایا جائے گا۔لانگ مارچ کے دوران شرکاء اور کارکنان کی بڑی تعداد قافلے کے ساتھ موجود ہے، جبکہ راستے میں مختلف مقامات پر کارکنان کی جانب سے قافلے کا استقبال بھی کیا جا رہا ہے۔



