
صنعاء: یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف مختلف محاذوں پر کی جانے والی 854 فوجی کارروائیوں کے دوران 193 حوثی رہنما اور جنگجو ہلاک یا زخمی ہوگئے، جبکہ 81 فوجی گاڑیوں اور عسکری سازوسامان کو بھی تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔یمنی فوج نے بیان میں بتایا کہ یہ کارروائیاں ’’فجرِ یمن‘‘ آپریشن کے تحت مختلف محاذوں پر کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں سرکاری فوج کو عوامی مزاحمتی فورسز کی معاونت بھی حاصل تھی۔یمنی فوج کے ترجمان میجر ماجد النزیلی نے بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے ٹھکانوں اور اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں 31 فضائی حملے، 687 توپ خانے سے گولہ باری، ڈرونز کے ذریعے 91 حملے اور راکٹ لانچرز سے 45 حملے شامل تھے۔یمنی فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی باغیوں کو جانی اور عسکری سازوسامان کے حوالے سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔








