
اسرائیل میں عرب سیاسی رہنماؤں اور پارلیمنٹ کے عرب ارکان کو ٹیکسٹ پیغامات اور سوشل میڈیا کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔عرب رہنماؤں نے ان دھمکیوں کا ذمہ دار وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے جاری مبینہ اشتعال انگیز سیاسی مہم کو قرار دیا ہے۔ عرب قانون سازوں کا کہنا ہے کہ انہیں دہشت گردی کے حامی قرار دینے والے بیانات سے ان کے خلاف نفرت اور تشدد کو ہوا مل رہی ہے۔ اسی معاملے پر عرب ارکان پارلیمنٹ نے نومنتخب اسپیکر متان کہانا سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں انہیں دہشت گردی کا حامی قرار دینے کا سلسلہ روکا جائے۔دوسری جانب اسرائیل میں عرب آبادی کے علاقوں میں بھی تشدد کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں ایک مسجد کو آگ لگانے، کفر قاسم میں گاڑی سے راہ گیروں کو کچلنے اور لود شہر میں عرب شہریوں کے خلاف نسل پرستانہ نعرے لگانے کے واقعات شامل ہیں۔ عرب شہریوں کی اعلیٰ فالو اَپ کمیٹی نے اس صورتحال پر ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ کمیٹی کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ سیاسی اشتعال انگیزی اور قتل کی دھمکیاں عرب شہریوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔








