گوگل نے موسم کی پیش گوئی کے لیے جدید مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرا دیا

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے موسم کی پیش گوئی کے لیے جدید مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ گوگل ڈیپ مائنڈ اور گوگل ریسرچ نے ویدر نیکسٹ تھری متعارف کرایا ہے جو عالمی سطح پر موسم کی پیش گوئی کا جدید ماڈل ہے اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے کام کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق زمین کے گرد مدار میں ساکن رہنے والے سیاروں سے براہِ راست حاصل ہونے والی لائیو تصاویر اور حقیقی دنیا میں زمین پر قائم اسٹیشنوں سے موصول ہونے والے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے، ویدر نیکسٹ 3 روایتی، سْست اور کمپیوٹنگ کے زیادہ وسائل استعمال کرنے والے عددی تخمینوں پر انحصار ختم کر دیتا ہے۔اس کے نتیجے میں ایک ایسا عملی نظام سامنے آیا ہے جو دن کے ہر گھنٹے تازہ موسمی پیش گوئی جاری کرتا ہے۔ اس کی مقامی ریزولوشن 5 کلومیٹر تک ہے جو اس کے پیشرو ماڈل کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا زیادہ واضح اور تفصیلی معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہ نظام ہر گھنٹے تازہ پیش گوئی فراہم کرتا ہے، جس سے طوفانوں، موسمی محاذوں اور شدید موسمی حالات کے تیزی سے بدلتے رجحانات میں اہم اضافی وقت میسر آتا ہے۔



